ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بابری مسجد انہدام معاملے کا فیصلہ: ایک شرمناک عمل، بھارت کے نظریے کے لئے چیلنج: پاپولر فرنٹ

بابری مسجد انہدام معاملے کا فیصلہ: ایک شرمناک عمل، بھارت کے نظریے کے لئے چیلنج: پاپولر فرنٹ

Wed, 30 Sep 2020 18:27:44    S.O. News Service

نئی دہلی 30/ستمبر (ایس او نیوز) پاپولر فرنٹ آف انڈیا کے چیئرمین اور ایم اے سلام نے بابری مسجد انہدام معاملے میں سی بی آئی کی خصوصی عدالت کے فیصلے کو ملک کے عوام کے لئے شرمناک بتایا ہے اور اسے بھارت جیسے ایک آزاد عدلیہ والے سیکولر ملک کے نظریے کے لئے چیلنج سے تعبیر کیا ہے۔ اس فیصلے میں یہ کہہ کر نظام انصاف کا مذاق بنایا گیا کہ مسجد کے انہدام کے لئے کوئی سازش نہیں رچی گئی، بڑے لیڈروں نے صرف ہجوم کو روکنے کی کوشش کی اور گنبد پر چڑھ کر مسجد کو گرانے والے شرپسند لوگ تھے اور ان میں سے کسی کی بھی شناخت نہیں ہو پائی ہے۔دن دہاڑے کئے گئے اور میڈیا کی سرخیوں میں رہے اجتماعی جرم کی اس کریہہ حرکت کے 28 سالوں بعد سی بی آئی کورٹ کے جج ایس کے یادو کے ذریعہ دیا گیا فیصلہ ایک ایسا گونگا بہرا فیصلہ ہے کہ اس نے یہ کہتے ہوئے ایل کے اڈوانی، مرلی منوہر جوشی وغیرہ جیسے تمام 32  ملزم مجرموں کو بری کر دیا کہ ان کے خلاف کسی بھی طرح کا کوئی واضح ثبوت نہیں ہے۔فیصلے میں لبراہن کمیشن کی رپورٹ کی تحقیقات کو بھی یکسر نظر انداز کر دیا گیا جس میں سنگھ پریوار کے 68 لیڈران کو اہم ملزم گردانا گیا تھا۔

    او ایم اے سلام نے مزید کہا کہ سی بی آئی کورٹ نے ایک سیاسی فیصلہ تیار کیا ہے جو کہ حقائق اور ثبوتوں کی بنیاد پر نہیں کیا گیا ہے، جیسا کہ ایک مجرمانہ مقدمے میں ہونا چاہئے۔ 9 نومبر 2019 کو آئے سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد یہ متعصبانہ فیصلہ پوری طرح سے غیرمتوقع نہیں تھا، جس میں عدالت نے اپنے ہی مشاہدے کے خلاف کہ انہدام ایک مجرمانہ عمل تھا، شہید بابری مسجد کی جگہ پر مندر کی تعمیر کی اجازت دے دی تھی۔ ملک کے سامنے بڑا مسئلہ یہ ہے کہ ملک کے آزاد اداروں پر بی جے پی کی قیادت والی مرکزی حکومت کا مکمل غلبہ اور قبضہ ہے۔ گذشتہ 6 سالوں کے متعدد واقعات سے پتہ چلتا ہے کہ مرکزی ایجنسیوں کی آزادی پر کیسے حملہ جاری ہے۔

    بلاشبہ مسلمانوں اور بھارت کے تمام انصاف پسند عوام کے جذبات سپریم کورٹ کے فیصلے کے دن ہی خالی ہو گئے تھے۔ اب اس دن کو بھی بھارت کی تاریخ میں ایک اور سیاہ دن کے طور پر یاد کیا جائے گا۔ پاپولر فرنٹ آف انڈیا کی جانب سے چیئرمین او ایم اے سلام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ یکے بعد دیگرے لگے ان دھکوں سے نڈھال نہ ہوں اور تمام میسر وسائل کا استعمال کرتے ہوئے انصاف اور امن کی بحالی کی لڑائی میں ثابت قدمی سے ڈٹے رہیں۔


Share: